ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ کے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کے تیسرے اور آخری مرحلے میں دس مکانات کا افتتاح؛ بھٹکل کے قاضی کے ہاتھوں مسجد کا بھی ہوا افتتاح

کیرالہ کے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کے تیسرے اور آخری مرحلے میں دس مکانات کا افتتاح؛ بھٹکل کے قاضی کے ہاتھوں مسجد کا بھی ہوا افتتاح

Mon, 01 Nov 2021 23:06:37    S.O. News Service

بھٹکل یکم نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ  (کالیکٹ) اور بی ایم جے کلچرل  سوسائٹی کی طرف سے کیرالہ کے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کے تیسرے  اور آخری مرحلے میں  گذشتہ روز  دس مکانات کا افتتاح کرکے  بارش اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر   بی ایم جے ولیج میں ایک مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے، جس کا افتتاح بھٹکل جماعت المسلمین قاضی مولانا عبدالرب خطیب ندوی کے دست مبارک اور اُن کی دُعا سے کیا گیا۔

یاد رہے کہ  اگست 2018 میں  کیرالہ میں جس طرح کی خطرناک بارش ہوئی تھی اور پہاڑ کھسکنے کے واقعات پیش آئے تھے، اُس میں  16000 مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہوگئے تھے۔ پہاڑی علاقہ کیرالہ کے وائناڈ میں بارش سے کچھ زیادہ ہی تباہی مچی تھی جس کو دیکھتےہوئے بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ  نے بی ایم جے (بھٹکل مسلم جماعت) کے نام سے ایک گاوں بسانے کا ارادہ کیا تھا اور بلا تفریق مذہب وملت، متاثرین کی مدد کرنے کا تہیہ کیا تھا، اُسی کے تحت   جماعت کے سرگرم رکن جناب عبدالمجید جوکاکو کی قیادت میں  بی ایم جے کلچرل سوسائٹی بھی قائم کی گئی تھی اور جناب عبدالمجید جوکاکو نے  اپنے دوست احباب سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے  اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ 

بی ایم جے ولیج کے پہلے مرحلےمیں  اکتوبر 2019 میں 16 مکانات تعمیرکرکے متاثرین کو تقسیم کئے گئے تھے،افتتاحی تقریب میں ریاست کیرالہ کے محکمہ روینو کے پرنسپل سکریٹری اور کیرالہ ری بیلڈ چیف ایکزی کوٹیو آفسرڈاکٹروی وینو (آئی اے ایس)  سمیت وائناڈ کے سب کلکٹر بھی موجود تھے۔ بعد میں کووِڈ لاک ڈاون کی وجہ سے کام میں رُکاوٹ پیدا ہوئی ،اس لئے  دوسرے مرحلے کاکام تکمیل تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی، مگر اسی سال جنوری میں دوسرے مرحلے میں  بارہ مکانات  متاثرین کو دئے گئے، اس موقع پر کانگریس قائد راہول گاندھی مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما تھے۔ اب   30 اکتوبرکو بی ایم جےولیج کے تیسرے اور آخری مرحلےمیں  دس مکانات تعمیر کرکے متاثرین کو دئے  گئے ہیں۔  اس طرح بی ایم جے ولیج میں جملہ 38 پکے مکانات تعمیر کرکے متاثرین کو فراہم کئے گئے ہیں ۔

تیسرے مرحلے کی  افتتاحی تقریب  میں  ممبر آف پارلیمنٹ ڈاکٹر عبدالصمد صمدانی مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما تھے۔ اس موقع پر بی ایم جے ولیج میں ایک خوبصورت مسجد کا بھی افتتاح  عمل میں آیا جس کا افتتاح کرنے بھٹکل سے مولانا عبدالرب خطیب ندوی خصوصی طور پر مدعو تھے۔ عصر نماز کے ساتھ مولانا نے اس مسجد کا افتتاح کیا۔

بی ایم جے ولیج  کے تیسرے مرحلے  کےلئے منعقدہ تقریب کی صدارت جناب عبدالمجید جوکاکو نے کی، مموٹی انجوکُنّو نے استقبالیہ کلمات پیش کئے، مہمان خصوصی عبدالصمد صمدانی  نے بارش کی تباہی سے متاثرہ خاندانوں کو مکانات تعمیر کرکے دینے پر  جناب عبدالمجید جوکاکو اور ان کی پوری ٹیم کی سراہنا  کی، مولانا عبدالرب خطیب  ندوی اور رشید غزالی نے بھی اس موقع پر اپنے تاثرات پیش کرتےہوئے بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ کے تمام ذمہ داران کی ستائش کی۔جماعت  کے سکریٹری فیاض مصباح نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر ایم پی عبدالصمد صمدانی نے  اس دوران  تیار شدہ دس مکانات کی چابیاں متاثر ین کو  دیتےہوئے   نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بتاتے چلیں کہ  بی ایم جے ولیج کی مسجد اور تمام مکانات کی ڈیزائننگ وغیرہ کا کام  عاقب جفری ابن عبدالمجید  جوکاکو نے تیار کی تھی۔

عصر کی نماز کے ساتھ مسجد کے افتتاح سے پروگرام کا آغاز ہوا تھا، جس کے بعد  تیسرے مرحلہ کے گھروں کی تقسیم کےلئے جلسہ کی شروعات ہوئی تھی۔

 

بی ایم جے ولیج کے تعلق سےاس سے قبل شائع رپورٹس:
بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ کی جانب سے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کا شاندار افتتاح؛ روینو سکریٹری سمیت دیگر مہمانان نے کی بھٹکل کمیونٹی کی ستائش

کیرالہ کے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کے دوسرے مرحلے کا کانگریس قائد راہول گاندھی کے ہاتھوں شاندار افتتاح؛ بی ایم جے ولیج چیرمین کی کی سراہنا


Share: